لاہور7دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ حکومت نے مدارس کی جیو ٹیگنگ کا عمل مکمل کرلیا ہے اور مدارس کے مالی وسائل کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔منگل کو یہ بات پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمدکے لیے زیر سماعت درخواست کے جواب میں بتائی۔پنجاب حکومت کے صوبائی محکمہ داخلہ نے لاہور ہائیکورٹ کے روبرو شق وار تحریری جواب جمع کرایا جس میں ان الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد نہیں کیا جا رہاہے۔صوبائی محکمہ داخلہ نے تحریری جواب میں آگاہ کیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیلئے نا صرف نئے قوانین بنائے گئے بلکہ کئی قوانین میں بہتری لانے کیلئے ان میں ترامیم کی گئیں۔تحریری جواب میں مزید بتایا گیا کہ نئے قوانین کے تحت مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں اور ملزموں کو سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم مقامی وکیل اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کر رہے ہیں جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ پنجاب میں صوبائی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرنے میں ناکام ہے اور پلان پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمدنہیں کیاجارہاہے۔محکمہ داخلہ پنجاب نے جواب میں یہ بھی بتایا کہ کالعدم تنظیموں، ان سے منسلک افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف محکمہ انسداد دہشت گردی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موثر کارروائی کر رہے ہیں اور کالعدم تنظیموں اور ان سے منسلک افراد کے اکاوئنٹس بھی منجمد کر دیے گئے ہیں۔